بارش میں وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے چوکسی کی ضرورت

   

Ferty9 Clinic

وزیر صحت ہریش راؤ نے قیامگاہ کے احاطہ میں صفائی کے کاموں میں حصہ لیا

حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس و صحت ہریش راؤ نے آج گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صبح 10 بجے مچھروں کے انسداد سے متعلق 10 منٹ کے پروگرام میں شرکت کی۔ ہریش راؤ نے کوکا پیٹ میں واقع اپنی قیامگاہ کے احاطہ میں دس منٹ تک صحت و صفائی کے کاموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کچرے کی نکاسی اور پانی جمع ہونے سے روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ بہتر صحت کیلئے گھر اور اس کے اطراف کے علاقے کو پاک و صاف رکھنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ صحت و صفائی کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اتوار کے دن صبح 10 بجے دس منٹ تک افراد خاندان کے ساتھ گھر کے اطراف صحت و صفائی کا کام انجام دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں وبائی امراض کا خطرہ رہتا ہے اور پانی کے جمع ہونے کی صورت میں مچھروں کی افزائش ممکن ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ڈینگو، ملیریا جیسی بیماریاں مچھروں کے سبب پھیل سکتی ہیں لہذا ہمیں مچھروں کی افزائش کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پھولوں اور پودوں کے گملے اور پودوں کے اطراف بارش کا پانی جمع ہونے سے گندگی پیدا ہوسکتی ہے۔ اپنے اور اپنے افراد خاندان کی صحت کا خیال رکھنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ بچوں کو بھی صحت و صفائی کے بارے میں باخبر اور چوکس رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی اور گرام پنچایت کے ملازمین اس مہم میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے حکومت پوری طرح تیار ہے اور امراض کا موثر علاج کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔