دیاکر راؤ اور ستیہ وتی راٹھور کا اعلیٰ سطحی اجلاس، جان و مال کے نقصانات کو روکنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ /7 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ اور وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راٹھور نے بارش سے متاثرہ اضلاع میں سیلاب کے امکانات کے پیش نظر عہدیداروں کو سخت چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ ورنگل، ہنمکنڈہ اور اطراف کے علاقوں میں شدید بارش کے نتیجہ میں بھاری تباہی کا اندیشہ ہے۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ مزید تین دن تک ضلع نظم و نسق اور عوام کو چوکس رہنا پڑے گا۔ نشیبی علاقوں اور ذخائر آب کے اطراف کے دیہاتوں سے عوام کی منتقلی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ عوام کو چوکس کرتے ہوئے جانی اور مالی نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔ تالابوں، جھیلوں اور ذخائر آب کی مسلسل نگرانی کی ہدایت دی گئی تاکہ سطح آب میں مزید اضافہ کی صورت میں کوئی شگاف کی گنجائش نہ رہے۔ متحدہ ضلع ورنگل کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ کے علاوہ ضلع کلکٹرس، ریوینو، پولیس، پنچایت راج، برقی، آبپاشی، عمارات و شوارع اور بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کے ساتھ وزراء نے اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین چار دنوں تک ریاست میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، محبوب آباد، ملگ اور بھوپال پلی کے ضلع نظم و نسق کو چوکس رہنا ہوگا۔ وزراء نے کہا کہ عہدیداروں کی اولین ترجیح عوام کی محفوظ مقامات منتقلی اور جان و مال کو نقصانات کو کم کرنا ہونی چاہیئے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ راحت اور بچاؤ اقدامات کیلئے خصوصی فنڈس کا استعمال کریں۔ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے اور تمام کی رخصت اور چھٹی منسوخ کردی گئی تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔R