بارش کی صورت میں سڑکوںکی ابتر صورتحال: ریونت ریڈی

   

کے ٹی آر فوری توجہ دیں، خصوصی ٹیموں کی تشکیل کا مطالبہ
حیدرآباد۔25۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ نے بارش کی صورت میں شہر کی سڑکوں کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ سے مطالبہ کیا کہ بارش کی صورت میں شہر میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے اور ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکام کی لاپرواہی اور بد انتظامی کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بارش کے حالات سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے شہر میں کل 6 گھنٹے کے دوران 91 ملی میٹر بارش کے سبب مختلف علاقوں میں ٹریفک جام اور دیگر مسائل کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے کئی علاقے جھیل اور تالاب کی طرح دکھائی دے رہے تھے۔ بارش کے رکنے کے بعد گھنٹوں ٹریفک جام رہی جس کے نتیجہ میں عوام اپنی گاڑیوں کے ساتھ گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے سابق میں شہر کی مثالی ترقی کیلئے ایکشن پلان کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک ایکشن پلان پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔