بارش کے الرٹ کا سلسلہ ختم ‘ گرمی کا الرٹ جاری

   

درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ عوام کو احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) دونوںشہرو ں حیدرآبادوسکندرآباد میں بارش کے الرٹ کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے اور محکمہ موسمیات سے گرمی کی شدت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کرکے زرد الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ موسم گرما کے دوران دونوں شہروں میں گرمی اور غیر موسمی بارشوں کے سبب موسم گرما کی شدت کا احساس نہیں ہوا تھا ۔ چند یوم کیلئے گذشتہ ماہ کے اواخر میں دھوپ کی تمازت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن اب 10 مئی سے ریاست کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں اچانک اضافہ کی پیش قیاسی کی گئی اور کہا جا رہاہے کہ شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ہی گرم ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ انسانی صحت کیلئے مضر ہے ۔ محکمہ نے گرمی کی شدت کے پیش نظر زرد الرٹ جاری کرکے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور ممکنہ حد تک دھوپ سے خود کو بچائیں ۔ شہر میں 10 مئی سے درجہ حرارت 38 ڈگری سے تجاوز کرجانے کا امکان ہے ۔جبکہ نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ دونوں شہروں میں گذشتہ تین یوم سے رطوبت میں اضافہ کے سبب رات کے اوقات میں بھی گرمی کا احساس اور پسینے کا اخراج ہونے لگا ہے۔ماہرین موسمیات اور ماہر اطباء نے اس موسم میں شہریوں کو زیادہ پانی کے استعمال کا مشورہ دیا اور کہا کہ پانی کے زیادہ استعمال کے ذریعہ خود کو صحتمند رکھا جاسکتا ہے ۔م