بارش کے باوجود دہلی کی آب و ہوا آلودہ

   

نئی دہلی۔ 24 جنوری (یو این آئی) جمعہ کے روز بارش اور درجۂ حرارت میں کمی کے باوجود ہفتہ کے روز دہلی کی فضائی آلودگی کی سطح ’خراب‘ کے درجے میں برقرار رہی، جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار اب بھی ’انتہائی خراب‘زمرے میں ہے ۔یہ بات مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار میں سامنے آئی ہے ۔سی پی سی بی کے مطابق، ہفتہ کی صبح دہلی کے بیشتر علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) ’خراب‘ درجے میں ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ باریک ذرات (پی ایم 2.5 )کی بلند مقدار رہی۔چاندنی چوک میں سب سے زیادہ خراب ہوا کا معیار ریکارڈ کیا گیا، جہاں اے کیو آئی 306 رہا، جبکہ سری فورٹ میں یہ سطح 302 رہی۔ وزیرپور میں اے کیو آئی 297، آنند وہار میں 291 ریکارڈ کیا گیا۔ دوارکا سیکٹر-8 میں اے کیو آئی 286 جبکہ صبح تقریباً 9 بجے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں 273 درج کیا گیا۔اشوک وہار میں بھی آلودگی کی صورتحال سنگین رہی اور یہاں اے کیو آئی 282 ریکارڈ ہوا، جبکہ سونیا وہار میں نسبتاً کم لیکن پھر بھی غیر صحت بخش اے کیو آئی 272 رہا۔