ہزاروں افراد کی شرکت، بی جے پی اور بی آر ایس کو شکست دینے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ تلنگانہ اور مرکز میں بی جے پی اور بی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے کانگریس زیر قیادت اپوزیشن اتحادکی حکومت قائم کریں تاکہ تمام طبقات کی یکساں ترقی ممکن ہو۔ ریونت ریڈی نے آج ورنگل میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ بارش کے باوجود جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے شدید بارش کے سبب کریم نگر میں روڈ شو ملتوی کرتے ہوئے حیدرآباد سے سڑک کے راستہ ورنگل روانہ ہوئے۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک میں کاکتیہ یونیورسٹی کے طلباء کی قربانیوں کی یاد تازہ کی اور کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں تلنگانہ تحریک کے مجاہدین کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی بظاہر الگ الگ ہیں لیکن ان دونوں کے درمیان خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔ بی جے پی کو کامیاب بنانے کیلئے بی آر ایس نے ورنگل میں ایک ڈمی امیدوار کو میدان میں اُتارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ لوک سبھا حلقوں میں بی جے پی کو کامیاب کرنے کیلئے بی آر ایس نے معاہدہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل سے مرکزی حکومت نے ناانصافی کی اور ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت ورنگل میں کئی پراجکٹس قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے ورنگل کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ بی جے پی اور بی آر ایس کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے ورنگل کو تلنگانہ کے دوسرے دارالحکومت کے طور پر ترقی دینے کا تیقن دیا۔ روڈ شو میں کانگریس امیدوار کڈیم کاویا ، ریاستی وزیر کونڈا سریکھا، پارٹی کے ارکان اسمبلی شریک تھے۔1