بارش کے بعد شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات

   

حیدرآباد 21 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں ہوئی بارش کے بعد بالخصوص پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر موجود گڑھوں میں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شاہین نگر میں وادیٔ مصطفیٰ کے مقامی لوگوں کو سڑک کی خراب حالت کے باعث گزشتہ چند ہفتوں سے مسائل کا سامنا ہے۔ بارش کے بعد اس سڑک کی حالت مزید ابتر ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران اس سڑک کی خراب حالت کی وجہ لوگوں کو کافی دشواری ہورہی ہے۔ اس کالونی کی مین روڈ پر بڑے گڑھے ہوگئے ہیں۔ اس سے گزرنا لوگوں کے لئے جوکھم بھرا ہوگیا ہے۔ سینئر سٹیزنس اس سڑک پر گاڑی چلا نہیں پارہے ہیں اور کئی لوگ اسکوٹرس سے گرگئے ہیں۔ متعلقہ عہدیدار اس مسئلہ کو حل کرنے پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ پرانے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی صورتحال ابتر ہے۔ سڑکوں پر گڑھے ہوگئے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع ہورہا ہے اور مسائل ہورہے ہیں۔ نیز جگہ جگہ کچرے کے انبار ہوگئے ہیں جس سے امراض کا خطرہ لاحق ہے۔ کچرے کو نہیں اُٹھایا جارہا ہے۔ کچرے کی نکاسی مناسب طور پر نہ ہونے سے کچرے کے انبار ہوگئے ہیں جس کی وجہ بدبو سے شہری پریشان ہیں اور وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق ہے۔ جی ایچ ایم سی کے متعلقہ عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں صفائی کو یقینی بنائیں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔