حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) شہری بلاضرورت شدید اپنے گھروں سے نہ نکلیں اور نہ ہی قدیم عمارتوں ‘ درختوں یا ہورڈنگس کی آڑ میں بارش سے محفوظ رہنے کی کوشش کریں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں جاری تیز ہواؤں اور بارش کے دوران شہریوں کو اپنی خود کی حفاظت کے لئے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ آفات سماوی سے حفاظت اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ شہر میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ ہی ویجلنس اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے علاوہ ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا گیا ہے جہاں کہیں سے شکایات موصول ہورہی ہیں انہیں دور کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وشواجیت کمپاٹی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے کنٹرول روم کو بارش اور تیز ہواؤں کے دوران زائد از40فون کال موصول ہوئے ہیں اور ان میں 25 مقامات پر فوری ایمرجنسی اسکواڈ کو روانہ کردیا گیا ہے تاکہ پانی کی نکاسی کے علاوہ سڑکو ں پر گرنے والے درختوں اور برقی تاروں و کھمبوں کو ہٹایا جاسکے۔
