حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ بارکس سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو جانوروں کو غیر قانونی طور پر فروخت کر رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 55 سالہ صالح بن محمد بادم جو بارکس علاقہ میں میڈیکل شاپ چلاتا ہے۔ معقول آمدنی نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے اپنے بھائی علی بن محمد بادم کے ساتھ مل کر نایاب چرند پرند کے کاروبار کے ذریعہ آسانی سے روپئے کمانے کا ارادہ کیا ۔ اس سلسلہ میں صالح بن محمد نے اپنے دوستوں کی مدد سے نایاب اور انوکھے نسل کے جانور سلو لوریز جو بنگلہ دیش ، انڈونیشیا اور فلپائن میں پائے جاتے ہیں۔ کم دام میں حاصل کرتے ہوئے اسے اونچی قیمت میں فروخت کیا کرتا تھا۔ اسی طرح مذکورہ شخص ہندوستان میں پائے جانے والے اسٹار ٹارٹائس اور مختلف قسم کے کچوے (تانبیل) حاصل کرتے ہوئے انہیں شہر میں فروخت کیا کرتا تھا ۔ مذکورہ جانوروں کی خرید و فروخت وائیلڈ لائیف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت قانوناً جرم ہے۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ٹیم نے چندرائن گٹہ علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے انوکھی نسل کے جانوروں کو ضبط کرلیا اور محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا۔
