نئے وضو خانوں کی تعمیر ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج درگاہ حضرت یوسفینؒ کے انتظامات کا معائنہ کیا اور مسجد کے توسیعی کاموں کو وقف بورڈ کی منظوری کے ذریعہ مکمل کرنے کا یقین دلایا ۔ بورڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ صدرنشین وقف بورڈ نے بارگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری دی اور چادر گل پیش کرنے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے زائرین کیلئے مختلف سہولتوں کا برسر موقع جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو بہتر انتظامات کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد سے متصل بوسیدہ مکان کو منہدم کرتے ہوئے مسجد کے احاطہ میں شامل کیا جائے گا تاکہ توسیع کے بعد زیادہ سے زیادہ مصلی نماز ادا کرسکیں۔ مقامی افراد نے مسجد میں جگہ کی کمی کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے آئندہ اجلاس میں توسیعی کام کے لئے بجٹ کی منظوری حاصل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں کم از کم 500 تا 1000 افراد کیلئے نماز کی ادائیگی کی گنجائش فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارگاہ یوسفین کے انتظامات وقف بورڈ کی راست نگرانی میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وضوع خانے انتہائی قدیم اور بوسیدہ ہوچکے ہیں۔ نئے وضو خانے تعمیر کئے جائیں گے اور اوور ہیڈ واٹر ٹینک کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے حوض کی صفائی کے علاوہ وضو کرنے کیلئے نشستوں کے انتظام کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے پاس فنڈس کی کمی نہیں ہے اور زائرین کی سہولتوں کیلئے درکار بجٹ منظور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 50 سال قدیم وضو خانوں کی تعمیر نو کے ذریعہ زائرین کو بہتر سہولتیں حاصل ہوں گی۔ محمد سلیم نے قبور کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ قبور پر کاروبار یا کسی اور سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پولیس میں شکایت کریں۔ مسجد میں نماز اور درگاہ شریف میں حاضری کے بعد زائرین کو بیٹھنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ مقامی افراد نے شکایت کی کہ قبرستان کے حدود میں غیر سماجی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔ محمد سلیم نے زائرین کے لئے صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور واٹر کولرس کی تنصیب کا تیقن دیا۔ زائرین اور مقامی افراد نے صدرنشین وقف بورڈ کو مقامی مسائل سے واقف کرایا۔