اسلام آباد : گزشتہ پانچ سالوں میں بارہ ہزار سے زائد افغان شہری جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جاتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ اس معاملہ میں ملوث نادرا اور محکمہ پاسپورٹ کے متعدد اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق پاکستانی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں 12 ہزار سے زائد افغان شہری جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جاتے ہوئے پکڑے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے اجلاس کو بتایا کہ 12 ہزار افراد جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب پہنچے۔ ان میں سے 3,000 کے پاس فوٹو سویپ پاسپورٹ تھے جب کہ 6,000 پاسپورٹ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ڈیٹا کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے جاری کیے گئے۔ قاضی نے کمیٹی کو بتایا کہ ان جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے زیادہ تر افراد کو افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔ ان میں سے کوئی بھی اب پاکستان میں نہیں ہے۔