بارہویں کے امتحان میں گیارہویں جماعت کے سوالیہ پرچے

   

سرینگر: وادی کشمیر میں جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے منعقد ہو رہے بارہویں جماعت کے طلبا چہارشنبہ کے روز امتحانی مراکز میں اس وقت ششدر ہو کر رہ گئے جب ان کے مطابق ان میں تقسیم کئے گئے سوالیہ پرچے ان کی جماعت کے نہیں بلکہ گیارہویں جماعت کے تھے ۔تاہم بورڈ حکام نے اس سوالیہ پرچے کو ’آئوٹ آف سیلیبس‘ قرار دے کر امتحانات کو ملتوی کر دیا۔ایک طالبہ نے میڈیا کو بتایا کہ آج ہمارا فزیکل ایجوکیشن کا پرچہ تھا لیکن ہمیں گیارہویں جماعت کا پرچہ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہمیں بتایا گیا کہ جتنا آتا ہے اتنا کرو لیکن بعد میں ہم سے وہ پرچے واپس لئے گئے ۔ایک اور طالب علم نے کہا کہ جب میں نے پرچہ دیکھا تو میں بہت پریشان ہوا کیونکہ مجھے اس میں سے کچھ بھی نہیں آتا تھا۔انہوں نے کہا کہ بعد میں ہم سے یہ پرچے یہ کہہ کر واپس لئے گئے کہ اس کا دوبارہ امتحان ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پرچہ دیکھ کر تو کچھ طلبا امتحانی مراکز میں رونے بھی لگے۔