حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) پبلک گارڈن باغ عامہ کے تحفظ کیلئے ماحولیات کے جہد کاروں اور کارکنوں کی جانب سے آج شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ واکرس اسوسی ایشن کے اس پروگرام سے ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار پروین کمار نے یگانگت کا اظہار کیا اور ماحولیات کے جہد کار محمد عابد علی سے فون پر بات چیت کی اور مہم کی تائید کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وہ باغ عامہ کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے بی ایس پی کے مقامی قائدین کو ریاستی کنوینر ابرار حسین آزاد کی قیادت میں روانہ کیا۔ حیدرآباد کے انچارج این رمیش، آرگنائزنگ سکریٹری نند کمار، نائب صدر عبدالرحیم خاں، ونود اور دوسروں نے باغ عامہ پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ بی ایس پی قائدین نے کہا کہ باغ عامہ کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے اور 150 سالہ قدیم اس گارڈن کو آلودگی سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ باغ عامہ میں 3 ہزار تا 5 ہزار افراد چہل قدمی کے ذریعہ اپنی صحت بہتر بنانے کی مساعی کرتے ہیں۔ چہل قدمی کرنے والوں نے حکومت اور محکمہ سیاحت کے ذمہ داروں سے پبلک گارڈن کے تحفظ کی اپیل کی۔ پبلک گارڈن کے درمیان موجود خوبصورت تالاب سوکھ چکا ہے۔ بچوں کیلئے پلے زون، واکرس ٹریک کے علاوہ پینے کے پانی، ٹائیلٹس اور رین شیڈ کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ واکرس اسوسی ایشن کے ارکان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بنیادی سہولتوں کو یقینی بنائے۔ر