بافندہ نے ماچس میں پیک ساڑی کا تحفہ سبیتا اندرا ریڈی کو پیش کیا

   

حیدرآباد 11 جنوری ( سیاست نیوز) راجنا سرسلہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک بافندہ نلا وجئے نے ماچس کی ڈبی میں پیک ہوجانے والی ساڑی کا تحفہ ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو پیش کیا ۔ اس موقع پر وزیر ہینڈلوم کے ٹی راما راؤ بھی موجود تھے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سنا تھا کہ بافندے ایسی صلاحیت کے حامل ہیں کہ وہ ایک ماچس کی ڈبی میں بند ہونے کے قابل ساڑی تیار کرسکتے ہیں۔ انہیںخوشی ہے کہ وہ سرسلہ میں تیار کی گئی اس ساڑی کو خود دیکھ رہی ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی اور کے ٹی راما راؤ نے بافندہ کی اس صلاحیت پر مبارکباد پیش کی اور ساڑی کی انتہائی مہارت سے تیاری کی تفصیل سے واقفیت حاصل کی ۔