بالا نگر تا نرسا پور چوراہا فلائی اوور کا آج افتتاح

   

122 کروڑ کا خرچ ، 265 کروڑ جائیداد متاثرین کو ادائیگی
حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) بالانگر سے نرساپور چوراہے تک فلائی اوور کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے اور کل منگل کو اس فلائی اوور کا وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ افتتاح کریں گے ۔24 فیٹ چوڑے اور 1.13کیلو میٹرطویل اس پراجکٹ کی تکمیل میں ایک سال کی تاخیر ہوئی ہے لیکن اب جبکہ فلائی اوور کے کاموں کو مکمل کیا جاچکا ہے تو اس کا لاکھوں افراد کو فائدہ حاصل ہوگا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ بالا نگر سے نرساپور چوراہے پر موجود ٹریفک جام کے مسائل اب حل ہوجائیں گے اور ایک کیلو میٹر سے زیادہ طویل مسافت بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کرلی جائے گی۔387 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اس پراجکٹ کے سلسلہ میں حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ 6لین فلائی اوور کے ذریعہ بالا نگر‘ فتح نگر‘ کوکٹ پلی وائی جنکشن ‘ بوئن پلی جنکشن پر ٹریفک کے مسائل حل ہوجائیں گے۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ 387 کروڑ کی لاگت میں 122 کروڑ روپئے تعمیرات پر خرچ کئے گئے ہیں جبکہ اس فلائی اوور کی تعمیر کیلئے حاصل کی گئی جائیدادوں کے لئے 265 کروڑ روپئے متاثرین کو ادا کئے گئے ہیں اس پراجکٹ کے افتتاح کے ساتھ ہی اس علاقہ سے ٹریفک کے مسائل کے علاوہ راہگیروں کی آمد ورفت میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔