بالا نگر فلائی اوور کا آئندہ ماہ افتتاح متوقع

   

ایک کیلو میٹر طویل پل کی تعمیر پر 380 کروڑ کا خرچ
حیدرآباد۔ بالانگر میں تعمیر کئے گئے ایک کیلو میٹر طویل فلائی اوور کا افتتاح 15جون کو عمل میں لایا جائے گا! بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ تلنگانہ روڈ اینڈ بلڈنگ کے علاوہ دیگر اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر 380 کروڑ کی لاگت سے تعمیرکئے جانے والے اس بالانگر فلائی اوور برج کے تعمیری کاموں کو مکمل کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ معمولی مرمتی کامو ںکی تکمیل کے بعد 2جون تک اس فلائی اوور کو مکمل تیار کرلیا جائے گا۔ بالا نگر میں ٹریفک جام کے مسائل کے علاوہ راہگیروں کی آمد و رفت میں ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے سال 2017 میں ایک کیلو میٹر طویل اس فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور اس فلائی اوور کی تکمیل کے لئے 4سال لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جائیدادوں کے حصول کے لئے اور تعمیراتی کاموں کے لئے ہونے والی تاخیر کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ نوٹسوں کی اجرائی کے ساتھ کام میں تیزی پیدا کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیںلیکن اس کے باوجود بھی اس پراجکٹ کی تکمیل کے لئے کافی وقت لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ کے دوران آغاز کئے جانے پر غور کیا جا رہاہے اور ساتھ ہی شہر حیدرآباد میں مہدی پٹنم سے آرام گڑھ تک موجود پی وی این آر ایکسپریس وے جو کہ 11.8 کیلو میٹر کا ہے اس پر ایک اور ریمپ کی تعمیر کا کام جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ماہ کے اوائل میں اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا کیونکہ اس ریمپ کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے۔شہر حیدرآباد میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے بلدی اداروں کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے ان پراجکٹوں کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔