بالاپور میں رئیل اسٹیٹ تاجر کے قتل سے سنسنی

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف کے علاقہ بالا پور میں ایک رئیل اسٹیٹ تاجر کا قتل کردیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اطلاع کے ساتھ ہی انچارج ڈی سی پی ایل بی نگر اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بالاپور پہونچ گئے ۔ مقتول کی شناخت 43 سالہ ادریس کی حیثیت سے کرلی گئی جو جہاں نما علاقہ کا ساکن تھا جبکہ کل ہی ادریس کی گمشدگی رپورٹ بالاپور پولیس اسٹیشن میں درج کرلی گئی تھی ۔ اس سلسلہ میں ڈی سی پی کرائم و انچارج ڈی سی پی پی یادگیری نے بتایا کہ 14 ستمبر کے دن ادریس کی گمشدگی کی شکایت درج کرلی گئی تھی ۔ آج ایک اطلاع پر پولیس نے پہاڑی شریف کے علاقہ سے ادریس کی نعش کو برآمدک رلیا گیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ کل ایک پراپرٹی ڈیلنگ آفس میں ادریس آخری مرتبہ دیکھا گیا اور اس کے پارٹنر محسن عولگی کی پولیس کو تلاش ہے۔ ڈی سی پی کرائم نے بتایا کہ محسن عولگی نے ہی ادریس کا قتل کیا ہوگا۔