سری نگر،18جنوری(یو این آئی) پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے معروف نغمہ نگار جاوید اختر کے اس بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے اے آر رحمان کی جانب سے بالی ووڈ میں بڑھتی فرقہ وارانہ فضا سے متعلق تشویش کو کم اہمیت دی تھی۔ محبوبہ مفتی نے ایک سخت بیان میں کہا کہ جب جاوید اختر، رحمان کے خدشات کو رد کرتے ہیں تو وہ ان جیتی جاگتی حقیقتوں کو نظرانداز کرتے ہیں جنہیں خود ان کی اہلیہ اور نامور اداکارہ شبانہ اعظمی بھی بیان کر چکی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ شبانہ اعظمی نے کھلے عام اس تلخ تجربے کا ذکر کیا تھا جب ممبئی جیسے عالمی شہر میں انہیں صرف مسلمان ہونے کی وجہ سے گھر دینے سے انکار کیا گیا تھا۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ بالی ووڈ ہمیشہ ہندوستانی سماج کا آئینہ رہا ہے اور اس صنعت میں موجود تعصب، امتیاز اور فرقہ وارانہ ماحول کو نظرانداز کرنا حقائق سے چشم پوشی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تلخ تجربات کو جھٹلانے سے آج کے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور سماجی تقسیم کی حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ محبوبہ مفتی کے مطابق’رحمان جیسے فنکار جب اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہیں تو اسے سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے ۔
نہ کہ اسے محض ایک رائے کہہ کر ٹال دیا جائے ۔ ملک میں بدلتے سماجی حالات اور مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی برتاؤ کو دیکھنا اور سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔’