بالی ووڈ کے بھائی جان کی مداحوں سے روایتی عید ملاقات

   

ممبئی ۔ 22؍مارچ ( ایجنسیز )بالی ووڈ کے ’بھائی جان‘ سلمان خان عید کے موقع پر اپنی رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں سے روایتی انداز میں ملے۔ اس موقع پر دل کو چھو لینے والی بات یہ تھی کے ان کے ساتھ والد سلیم خان بھی موجود تھے جو ایک ماہ تک ہاسپٹل میں رہے اور ڈسچارج ہونے کے بعد پہلی بار عوام کے سامنے نظر آئے۔ میڈیا کے مطابق سلمان خان کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر اہلِ خانہ کے ساتھ عید مناتے دیکھا گیا۔ اداکار نے اپنے گھر کے باہر موجود مداحوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے وقت نکالا جو ان کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر تھے۔ انہوں نے ہجوم کی جانب ہاتھ ہلایا، سلام کیا اور ان ان کی بے پناہ محبت پر شکریہ ادا کیا۔ سلمان خان کے ساتھ بیٹھے ان کے والد سلیم خان نے بھی مداحوں کو ہاتھ ہلا کر خوش آمدید کہا ۔ سلیم خان ہاسپٹل سے چار دن قبل ڈسچارج ہوئے۔ بعد ازاں سلمان خان کا پورا خاندان، جس میں سہیل خان، ان کی والدہ سلمیٰ خان، بھتیجی آیت اور دیگر افراد شامل تھے بھی کھڑکی پر آگئے اور مداحوں کو مبارکباد دی اور پاپارازی کیلئے پوز دیا۔سلمان نے یہ ویڈیو انسٹاگرام پر بھی شیئر کی اور مداحوں کا شکریہ ادا کیااور لکھا کہ عید مبارک، آپ کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔ والد صاحب گھر واپس آ گئے ہیں، شکریہ۔