بانی فیض عام ذوالفقار حسین کی 16 ویں برسی، طلبہ میں کتابوں اور مریضوں میں دواؤں کی مفت تقسیم

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : انسانیت کی بہبود کے لیے کوئی کام کیا جاتا ہے خاص کر ضرورت مند خاندانوں طلباء و طالبات کی مدد کی جاتی ہے ۔ بھوکوں کو کھانا اور ننگوں کو کپڑے فراہم کیے جاتے ہیں تو یہ ایسے کار خیر شروع کرنے والوں کے لیے ثواب جاریہ بن جاتے ہیں ۔ دین و دنیا میں ان کے درجات کی بلندی کا باعث بنتے ہیں ۔ اس معاملہ میں بانی فیض عام ٹرسٹ جناب سید ذوالفقار حسین مرحوم خوش نصیب رہے ۔ انہوں نے 1982 میں اورنگ آباد میں خدمت خلق کے لیے فیض عام ٹرسٹ کا ایک پودا لگایا تھا جو آج ایک تناور درخت میں تبدیل ہوگیا ۔ فیض عام ٹرسٹ کے فیض سے اورنگ آباد اور حیدرآباد و اطراف و اکناف ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے مختلف مقامات پر ضرورت مند مستفید ہورہے ہیں ۔ جن میں فرقہ وارانہ فسادات ، آفات سماوی کے متاثرین سے لے کر غریب خاندان اور ضرورت مند طلباء وطالبات شامل ہیں ۔ 8 اکٹوبر کو فیض عام ٹرسٹ کے بانی جناب سید ذوالفقار حسین مرحوم کی 16 ویں برسی منائی گئی ۔ وہ 8 اکٹوبر 2008 کو اس دارفانی سے کوچ کر گئے تھے ۔ ان کی 16 ویں برسی کے موقع پر اورنگ آباد اور حیدرآباد میں کئی ایک فلاحی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ حیدرآباد میں ثنا اسکول تاڑبن کے طلباء میں نصابی کتب کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ چادر بستی چادر گھاٹ میں غرباء و مساکین کے لیے طعام کا انتظام کیا گیا اور بی بی آمنہ ملی ہاسپٹل چندرائن گٹہ میں عوام کے لیے مفت طبی معائنوں اور ادویات کی تقسیم کا انتظام کیا گیا ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کی نگرانی میں اہتمام کردہ ان پروگرامس میں جناب رضوان حیدر ٹرسٹی ، ارکان مجلس عاملہ جناب سید حیدر علی اور کرار احمد (کرار احمد بانی فیض عام ٹرسٹ ذوالفقار حسین مرحوم کے نواسے ہیں ) ۔ جناب خلیل احمد ( خلیل واچ کمپنی ) کے ساتھ ساتھ فیض عام ٹرسٹ کی ٹیم نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد میں بھی مفت میڈیکل کیمپ اور طعام کا انتظام کیا گیا تھا ۔۔