جمائیکا۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹسٹ کرکٹ میں باؤنسرز کی بھرمار نے بیٹسمینوں کی نیندیں اڑادی ہیں اور اب اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براوو بھی باؤنسر کی زد میں آنے سے شامل ہوگئے ہیں۔ایشز میں اسمتھ کے ٹسٹ سے باہر ہونے کے بعد ابھی ان کی اگلے میچ میں واپسی کا انتظار ہورہا ہے جبکہ ایسے حالات میں ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین ڈیرن براووجسپریت بمراہ کا شکار بن گئے، تشویشناک بات یہ ہے کہ پوری رات گزارنے کے باوجود وہ اگلے دن وکٹ پر نہ رک سکے۔دن کے پہلے سیشن کے چوتھے اوور میں وہ 23 کے انفرادی اسکورپر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اس سے قبل انہوں نے بمراہ کو ڈرائیو شاٹ کھیلی۔ تیسرے دن کے اختتامی لمحات میں انہیں بمراہ کا بائونسر لگا تھا جس سے ان کی گردن متاثر ہوئی لیکن منیجمنٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے کلیئر رپورٹ دی تھی، تاہم چوتھے روز اننگز جاری نہ رکھنے پر اب ان کا مکمل اسکین ٹسٹ ہوگا۔