باؤنسرسے زخمی ہونے والے کھلاڑی کے متبادل پر غور

   

لندن ۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے کھیل کو زیادہ محفوظ بنانے کا ارادہ کرلیا۔ لندن میں جاری عالمی تنظیم کے اجلاس میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔ بائونسرز سے زخمی ہوکر غنودگی اور سرچکرانے کا شکار ہونے والے بیٹسمین کی جگہ نئے متبادل کی اجازت دی جاسکتی ہے جوبیٹنگ اور بولنگ کرسکے گا۔ اس قانون کو منظوری دیے جانے پر ممکنہ طور پر ایشز سیریز سے نافذالعمل ہوگا۔ ایشز کا آغاز یکم اگست سے ہورہا ہے۔ معروف کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق سالانہ اجلاس کے مندوبین کی جانب سے اس تجویز کو منظور کیا جانا تقریباً یقینی ہے۔ کرکٹ حلقوں میں یہ تجویز نئی نہیں۔ آسٹریلیا نے سال2017 میں ہی اس قسم کے حادثات میں متاثر بیٹسمین کیلئے متبادل متعارف کرادیا تھا۔ جبکہ آئی سی سی نے بھی دو برس قبل اس کی ڈومیسٹک کرکٹ میں آزمائش شروع کرنے کی اجازت دی تھی، تجربہ کامیاب رہا ہے۔ خیال رہے کہ میچز میں سر یا گردن کے نازک حصوں میں گیند سے کھلاڑیوں کی اموات کے واقعات ہوئے ہیں، خاص طور پر آسٹریلیائی بیٹسمین فلپ ہیوز کے واقعہ نے اس حوالے سے دنیا بھر میں تشویش پیدا کردی تھی۔ اب بیٹسمینوں کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ اس قسم کے حادثے کے بعد سر چکرانے کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے پر انہیں میدان چھوڑ کر تفصیلی معائنے کیلئے جانا ہوگا۔