باٹلہ دھماکہ کے ملبے سے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری

,

   

متاثرین کے لواحقین کا متعلقہ حکام کے خلاف قتل کا کیس درج کرنے کا مطالبہ
باٹلہ۔5ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کی پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ چہارشنبہ کو پٹاخوں کی جس فیکٹری میں دھماکہ ہوا تھا اس دھماکہ میں 23 افراد ہلاک اور 27لوگ زخمی ہوگئے تھے ۔ تاہم یہ فیکٹری ’’ غیرقانونی تھی‘‘ ناگہانی آفات میں راحتی کام انجام دینے والی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس ( این ڈی آر ایف ) کے بعض اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ ان کی ٹیم ملبے میں دبے ہوئے لوگوں کو اب بھی نکال رہی ہے اور مزید ان کی کھوج جاری ہے ۔ باٹلہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اوپیندر جیت نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ یہ فیکٹری غیر قانونی طورپر کام کررہی تھی ، مجھے ابتداء میں اس کا پتہ نہیں چلا ، ورنہ یہ فیکٹری بند کردی جاتی تھی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب ہم بٹلہ شہر کی تمام فیکٹریوں کے لائسنس کی جانچ کررہے ہیں ۔ دریں اثناء دواخانوں میں متاثرین کے رشتہ داروں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے ۔ وہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں جو بارہا درخواست کے بعد بھی پٹاخوں کی فیکٹریوں کو بند کروانے میں ناکام ہوگئے ۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھی نعرے لگائے اور فیکٹریوں کو غیرقانونی طور پر اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت دینے پر ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جالندھر روڈ اور گرورام داس کالونی کے کثیر آبادی والے علاقوں میں غیرقانونی فیکٹریوں کے قیام کیلئے عوام نے ضلعی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس دھماکہ سے نہ صرف جانوں کا اتلاف ہوا بلکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ زیادہ تر عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بعض عمارتوں کی چھت بیٹھ گئی ۔ دھماکہ کے اثر سے سینکڑوں موٹر کاروں اور چار پہیوں کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ کئی فیاکٹری ورکر اور بعض فیاکٹریوں کے مالکین کے ارکان خاندان اور بعض راہرو بھی اس دھماکہ میں مارے گئے ۔ سات آدمی جو شدید زخمی ہوچکے تھے انہیں امرتسر میڈیکل کالج میں شریک کروا دیا گیا ۔

باٹلہ پٹاخوں کی فیکٹری کے دھماکہ پر
وزیراعظم کا اظہار رنج و غم
نئی دہلی ۔5 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کے دن پنجاب کی پٹاخوں کی فیکٹری میں ہونے والے دھماکہ کو دردناک بتایا اور جو لوگ اس دھماکہ میں زخمی ہوچکے ہیں ان کی عاجلانہ صحت یابی کی امید ظاہر کی ۔ اس دھماکہ میں 23 لوگ ہلاک اور 80 افراد سے زائد زخمی ہوگئے ۔ یہ دھماکہ پنجاب کے باٹلہ یونٹ میں چہارشنبہ کے دن ہوا ۔ متعلقہ ایجنسیاں حادثہ کے مقام سے لوگوں کو نکالنے میں اب بھی مصروف ہیں ۔