اگرتلہ، یکم جولائی (یواین آئی) تریپورہ کے وزیر توانائی رتن لال ناتھ نے آج کہا کہ ریاستی حکومت غیر قانونی بجلی کنکشن کو روکنے کے لیے ڈرون کا استعمال کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ بجلی منقطع کیے بغیر بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ناتھ نے کہاکہ ہم غیر قانونی کنکشن اور بجلی چوری لائنوں کا پتہ لگانے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے ۔ بجلی کی سپلائی منقطع کیے بغیر لائیو لائنوں پر بجلی بحال کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا محکمہ ریاست کے اندرونی گرڈ کو مضبوط کرنے اور مستقبل میں بجلی کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے سوریامنگر میں 400 کے وی سب اسٹیشن بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بجلی کی تقسیم کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ریاست بھر کے اسپتالوں میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں 2018 سے نئی ٹیکنالوجیز متعارف ہونے سے نمایاں ترقی ہوئی ہے۔