بجٹ اجلاس 20 دن کیلئے طلب کرنے کے ٹی آر کی تجویز

   

ایک دن میں 19 مطالبات زر پر مباحث کی مخالفت
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) اسمبلی میں بی آر ایس کے رکن کے ٹی راما راؤ نے سرکاری محکمہ جات کے مطالبات زر کی عجلت میں منظوری کے بجائے تفصیلی مباحث کا موقع دینے کی اپیل کی۔ اسمبلی اجلاس کے آغاز پر اسپیکر پرساد کمار نے ایوان میں 19 محکمہ جات کے مطالبات زر کی پیشکشی کا اعلان کیا جس پر بی آر ایس رکن کے ٹی راما راؤ نے تجویز پیش کی کہ آئندہ سے بجٹ اجلاس کم از کم 20 دن کیلئے طلب کیا جائے اور روزانہ دو یا تین محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث کا ارکان کو موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن میں 19 مطالبات زر کی پیشکشی کے نتیجہ میں وزراء بھی بہتر طور پر جواب دینے سے قاصر ہیں۔ اسپیکر نے کے ٹی آر کی تجویز کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔وزیر امور مقننہ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت تمام محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث کا موقع فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکن اسمبلی کے لیے 15 منٹ کا وقت مقرر کیا جائے گا ۔1