حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 9 ستمبر سے اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پیش نظر اسمبلی میں گورنمنٹ چیف وہپ اور گورنمنٹ وہپس کے ناموں کو منظوری دی ہے ۔ چیف منسٹر نے ڈی ونے بھاسکر کو چیف وہپ مقرر کیا ہے جبکہ وہپس کے طور پر شریمتی جی سنیتا ، گمپا گوردھن ، جی بالراج ، اے گاندھی ، آر کانتا راؤ اور بی سمن کو مقرر کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے اسمبلی اور کونسل کے ارکان پر مشتمل ایوان کی کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہر کمیٹی میں صدرنشین کے علاوہ 12 ارکان کا انتخاب کیا جائے گا ۔ صدرنشین اور ارکان کے ناموں کا انتخاب مکمل کرلیا گیا ہے ۔ اسپیکر سرکاری طور پر کمیٹیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے ۔
