بجٹ تجاویز 11 جنوری تک روانہ کرنے محکمہ جات کو ہدایت

   

محکمہ فینانس کی جانب سے ریاستی بجٹ کی تیاریوں کا آغاز
حیدرآباد4 جنوری ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی بجٹ تجاویز 11 جنوری تک روانہ کردیں۔ حکومت مالیاتی سال 2019 کیلئے ریاستی بجٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔ کہا گیا ہے کہ محکمہ فینانس کی جانب سے تمام محکمہ جات کے بجٹ کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی ہدایات کے مطابق حکومت نے تمام ہی محکمہ جات سے ان کو درکار بجٹ کی تفصیلی تجاویز طلب کی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے محکمہ جات کے سربراہان اور سکریٹریز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے محکمہ جات کی بجٹ تجاویز کی تیاریاں تیزی سے مکمل کریںاور یہ تجاویز حکومت کو روانہ کردیں۔ کہا گیا ہے کہ تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی بجٹ تجاویز اور ضروریات کو آن لائین مکمل کریں۔ حکومت 11 جنوری تک ان تجاویز کے موصول ہوجانے کے بعد 18 جنوری تک ان سے رائے اور تفصیلات بھی طلب کرسکتی ہے ۔ فینانس ونگ کی جانب سے سرکاری محکمہ جات سے کہا گیا ہے کہ وہ سال 2018-19 کی بجٹ تجاویز میں ترامیم بھی روانہ کریں اور پھر وہ مالیاتی سال 2019 – 20 کیلئے انہیں در کار بجٹ کے تخمینہ کی تفصیلات بھی حکومت کو روانہ کریں۔ محکمہ فینانس ریاستی بجٹ کی تیاریوں میں مصروف ہوگیا ہے اس لئے تمام سرکاری محکمہ جات کے سکریٹریز اور سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کا م میں کوئی تاخیر نہ کریں اور تجاویز جلد روانہ کریں۔