نئی دہلی ۔18جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس نرملا سیتا رمن نے جمعرات کو کہا کہ 2019فینانس بل کا مقصد شہریان کی زندگیوں کو سہل بنانا ہے ، ان کو دشواری میں ڈالنا نہیں ہے۔ انہوں نے فینانس بل مباحث پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ منصوبوں کا مقصد ’’ میک ان انڈیا ‘‘ اور ’’ ڈیجیٹل ادائیگیوں‘‘ کو فروغ دینا ہے ۔ یہ بل بعد ازاں ندائی ووٹوں کے ذریعہ ایوان زیریں میں پاس کیا گیا لیکن وزیر نے خارجی سرمایہ کاروں کیلئے اس میں کوئی آسانی پیدا نہیں کی ہے جبکہ اپوزیشن نے بینک سے ایک کروڑ روپئے نکالنے پر ٹی ڈی ایس اور نیوز پرنٹ پر کسٹم ڈیوٹی کو بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جبکہ وزیر نے نیوز پرنٹ پر دس فیصد کسٹم ڈیوٹی بڑھانے پر خاموشی اختیار کی ۔دو کروڑ روپئے سے زیادہ کمانے والوں پر انفرادی ٹیکس کے نفاذ پر انہوں نے کہا کہ اس کے باعث ایف پی آئی پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ خود اپنی کمپنیوں کو منظم کرچکے ہیں ، جہاں تک ٹیکس قوانین کو آسان بنانے کا تعلق ہے ڈائرکٹ ٹیکس کوڈ (DTC) کے تحت ایک ٹاسک فورس کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ً