کالیشورم دنیا کا سب سے بڑا لفٹ آریگیشن پراجکٹ : ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ وزیر فینانس تلنگانہ ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت کی جانب سے بجٹ میں تلنگانہ سے نا انصافی کرنے اور سبسیڈی سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے غریب عوام کو نقصان پہونچانے کا الزام عائد کیا ۔ شمس آباد میں حلقہ گریجویٹ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر کے انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے کھاد پر دی جانے والی 2.5 لاکھ روپئے کی سبسیڈی کو برخاست کردیا گیا ہے ۔ پکوان گیس پر دی جانے والی سبسیڈی میں تحفیف کی جارہی ہے ۔ ریاستوں کو دئیے جانے والے بجٹ میں کٹوتی کی جارہی ہے ۔ جن ریاستوں میں انتخابات ہورہے ہیں وہاں میٹرو ریل کو توسیع دی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی کرناٹک میں بھی میٹرو کو توسیع دی جارہی ہے ۔ گجرات کو بلٹ ٹرین منظور کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ سے ہر معاملے میں ناانصافی کرنے پر ہریش راو نے برہمی کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ کی جانب سے جو ٹیکس ادا کیا جارہا ہے ۔ اس کا 50 فیصد حصہ بھی مرکز تلنگانہ کو نہیں لوٹا رہا ہے ۔ ترقی پذیر ریاست تلنگانہ کو مرکزی بجٹ میں نظر انداز کیا گیا ۔ بہار کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ یو پی اے کے دور حکومت میں حیدرآباد کو آئی ٹی آر پراجکٹ منظور کیا گیا ۔ پراجکٹ دینے پر اس کا سہرہ کانگریس کو جانے کے خوف سے اس پراجکٹ کو مرکزی حکومت نے منسوخ کردیا جب کہ ریاستی وزیر نے پراجکٹ کی ڈی پی آر رپورٹ مرکز کو روانہ کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے متعدد مرتبہ مرکز سے نمائندگی کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگیشن پراجکٹ کالیشورم تین سال میں مکمل کیا گیا ۔ جو ملک کے لیے مثالی پراجکٹ ہے ۔ اس پراجکٹ سے ایک کروڑ ایکڑ اراضی سیراب ہورہی ہے ۔ ماضی میں جو لوگ مواضعات چھوڑ کر چلے گئے تھے وہ دوبارہ مواضعات کو لوٹ رہے ہیں ۔ ریاست میں ٹی آر ایس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد پینے کی پانی کی سہولت اور فصلوں کو پانی ملنے کے معاملے میں بڑی حد تک کامیابی ہوئی ۔ ٹرانسپورٹ نظام میں بڑی پیشرفت ہوئی ۔ بغیر کٹوتی کے برقی سربراہ ہورہی ہے ۔ یہ سب ٹی آر ایس حکومت میں ممکن ہوپایا ہے ۔ لہذا گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں ٹی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی گریجویٹ طبقہ سے اپیل کی ۔۔