ماسکو31 جولائی (ایجنسیز) بحر الکاہل کے ساحلی ممالک میں سونامی کی وارننگ اُٹھائے جانے کے بعد ساحلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹنا شروع ہوگئے ہیں۔ سونامی کی وارننگ روس کے جزیرہ نما ’کامچاتکا‘ کے کھلے سمندر میں شدید زلزلے کے بعد جاری کی گئی تھیں۔ زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی اور اسے 1900ء کے بعد سے دنیا بھر میں ریکارڈ کئے گئے شدید ترین زلزلوں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ زلزلے کے بعد جاپان، امریکہ اور ایکواڈور سمیت ایک درجن سے زائد ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔ کچھ علاقوں میں چار میٹر تک بلند طوفانی لہروں کی پیش گوئی کی گئی تھی جس کے باعث شہری حیات میں وسیع پیمانے پر خلل پیدا ہوا تھا۔