ہندوستان کی اقدام مشرق پالیسی میں نمایاں رول : راج ناتھ سنگھ
وشاکھاپٹنم۔ 30 جون (پی ٹی آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو یہاں ہندوستانی بحریہ کے دیسی سطح پر تزائین شدہ جاسوس سمندری جہاز آئی این ایس ’شیوا لک‘ اور آبدوز ’سندھو کیرتی‘ کا معائنہ کیا۔ مشرقی بحری کمان (ای این سی) کے دو روزہ دورہ کے دوسرے دن وزیر دفاع کو اس بحری کمانڈ کی کارروائی کیلئے تیاری و چوکسی سے واقف کروایا گیا۔ علاوہ ازیں کمان ہیڈکوارٹرس کے مشرقی سمندری علاقہ میں بحری و ساحلی سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بتایا گیا۔ راج ناتھ سنگھ نے بحری اہلکاروں سے خطاب کے دوران قومی مفادات کے تحفظ اور بحری خطرات کے خلاف ہندوستانی بحریہ کی طرف سے اختیار کی جانے والی مسلسل چوکسی کیلئے ملاحوں کے جذبہ حب الوطنی کی ستائش کی۔ انہوں نے ہندوستان کی ’اقدام مشرق‘ پالیسی پر عمل آوری میں بحریہ کے نمایاں رول کو اجاگر کیا۔ راج ناتھ سنگھ کو طویل فاصلاتی بحری جاسوس طیاروں P8i کی صلاحیتوں سے واقف کروایا گیا۔ بعدازاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمیرل کرمبیر سنگھ کے ساتھ نئی دہلی واپس ہوگئے۔
