ارکان اسمبلی کی نقل و حرکت پر نظر، ڈبل بیڈ روم اور دلت بندھو کیلئے رشوت طلب کرنے والوں کو وارننگ
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کوبدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے اور ٹھیک طرح سے کام نہ کرنے کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ارکان اسمبلی کی نقل و حرکت پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں، چند ارکان اسمبلی نے دلت بندھو اسکیم میں تین لاکھ روپئے تک رشوت حاصل کی ایسے ارکان اسمبلی کی ان کی پاس فہرست موجود ہے۔ یہ ان کی آخری وارننگ ہے ، فوری باز آجائیں ورنہ انہیں ٹکٹ سے محروم کرنے کے علاوہ پارٹی سے بھی بیدخل کردیا جائے گا۔ تلنگانہ بھون میں پارٹی کا یوم تاسیس اجلاس تقریباً 7 گھنٹوں تک جاری رہا۔ مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ۔ موجودہ ارکان اسمبلی کو احتیاط سے کام کرنے پر زور دیا۔ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند اسمبلی حلقوں میں ٹکٹ کو لیکر کیوں جھگڑا ہورہا ہے اور ٹکٹ کس کو دیا جائے وہ اس سے پوری طرح واقف ہیں۔ مختلف اسمبلی حلقوں میں پارٹی قائدین کی ناراضگیوں اور اختلافات کو دور کرنے کی ذمہ داری وزراء کو سونپ دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوامی توقعات پر کھرا اُترنے والے پارٹی ارکان اسمبلی کی رپورٹ ان کے پاس موجود ہے مگر وہ فی الوقت ایسے ارکان اسمبلی کے ناموں کا افشاء نہیں کریں گے۔ مناسب وقت پر ایسے ارکان اسمبلی کے ناموں کو بتایا جائے گا۔ چند ایسے بھی ارکان اسمبلی ہیں جن کی کارکردگی ٹھیک ہے مگر عوام میں ان کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے۔ یہ وقت انتہائی اہم ہے، اگر آپ کی کارکردگی اطمینان بخش نہ ہوگی تو وہ بھی کچھ نہیں کرسکتے۔ چند ارکان اسمبلی ڈبل بیڈ روم مکانات اور دلت بندھو اسکیم کی تقسیم میں بدعنوانیوں میں ملوث ہوئے ہیں۔ چند ارکان اسمبلی نے دلت بندھو اسکیم میں تین لاکھ روپئے تک رشوت حاصل کی ہے جس کی رپورٹ ان کے پاس موجود ہے۔ اگر دوبارہ ایسی غلطی دہرائی گئی تو ٹکٹ سے محروم کرنے کے علاوہ پارٹی سے بھی بیدخل کردیا جائے گا۔ ارکان اسمبلی کے حامیوں کی جانب سے بھی رشوت قبول کی جاتی ہے تو اس کے لئے ارکان اسمبلی کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ن