بدعنوانوں سے چھٹکارہ پانے کی مہم تیز کریں گے

,

   

ہر دیانتدار شخص کو اِس ’چوکیدار‘پر بھروسہ ، وزیراعظم مودی کا دعویٰ
کروکشیتر(ہریانہ) ۔12 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اُن کی حکومت ملک کو بدعنوانوں سے چھٹکارہ دلانے کی مہم میں تیزی پیدا کرے گی اور دعویٰ کیا کہ صرف اسی قسم کے لوگوں کو اُن سے مسئلہ ہے جبکہ دیانتدار لوگ اس چوکیدار پر بھروسہ کرتے ہیں۔ مودی نے سوچھ شکتی 2019 ء کے تحت یہاں ایک اجتماع سے خطاب میں کہاکہ اُنھیں عوام کی تائید و حمایت درکار ہے ۔ یہ ایونٹ سوچھ بھارت مشن میں دیہی خواتین کے قائدانہ رول کو تہنیت پیش کرنے کیلئے منعقد کیا گیا ۔ اس مشن کا مقصد رواں سال 2 اکٹوبر تک ملک کو صاف ستھرا بنانا اور کھلے عام رفع حاجت سے پاک کرنا ہے۔ مودی نے کہاکہ 2014 ء میں آپ نے دیانتدار اور شفاف حکومت کو اپنے ووٹ دیئے ۔ دلالوں اور جنھوں نے غریبوں کے حقوق چھینے اُن کو سسٹم سے نکال پھینکا گیا ۔ اس چوکیدار پر ملک کے ہر دیانتدار فرد کو پورا بھروسہ ہے لیکن جو کرپٹ ہے اُنھیں مودی سے شکایت ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہریانہ میں عوام اُن کے خلاف جاری تحقیقات پر فکرمند ہیں ۔ ہریانہ میں بھی آپ دیکھیں گے کہ وہی لوگ فکرمند ہے جو بدعنوان ہے ۔ تاہم وزیراعظم نے کسی کا نام نہیں لیا۔ ہریانہ میں سابق چیف منسٹر بھوپندر سنگھ ہوڈا اور صدر کانگریس راہول گاندھی کے برادر نسبتی رابرٹ وڈرا کے خلاف اس ریاست میں اراضی کی معاملتوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات ہورہی ہے ۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے مجوزہ عظیم اتحاد کو مہا ملاوٹ قرار دیتے ہوئے مضحکہ اُڑایا اور کہا کہ اس میں شامل تمام چہرے مودی کو دھمکانے اور نکتہ چینی کرنے میں مصروف ہیں۔