بدعنوانی سے پاک حکمرانی کیلئے بی آر ایس کو کامیاب بنائیں

   

سنگاریڈی میں بی آر ایس کی تشہیری گاڑیوں کا افتتاح ، چنتا پربھاکر کا خطاب

سنگاریڈی ۔ 4 فبروری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی و صدر بی آر ایس پارٹی ضلع سنگاریڈی نے ایم ایل اے کیمپ آفیس سنگاریڈی کے روبرو سنگاریڈی و سداسیوپیٹ بلدیاتی انتخابات میں بی آر ایس کی تشہیر کے لئے تیارکردہ گاڑیوں کا افتتاح کیا اور اس موقع پر میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سنگاریڈی اور سداسیوپیٹ بلدیات میں بدعنوانی سے پاک حکمرانی چاہتے ہیں تو بی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ عوام اپنا ووٹ استعمال کرنے سے پہلے اُمیدواروں کے کردار، دیانتداری اور عوام کے درمیان دستیابی کو ضرور دیکھیں اور ایسے نمائندوں کو منتخب کریں جو ہمہ وقت عوامی خدمت کے لئے دستیاب رہیں۔ انھوں نے کہا کہ بی آر ایس امیدوار بدعنوانی سے پاک اور صاف کردار کے حامل ہیں۔ اُن میں کام کرنے کا جذبہ اور صلاحیت ہے اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ صرف بی آر ایس امیدواروں کو ہی ووٹ دیں۔ چنتا پربھاکر نے مزید کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں بی آر ایس حکومت کے دور میں ہونے والی ترقی عوام کے سامنے واضح ہے جبکہ موجودہ کانگریس حکومت میں ترقی کا عمل تقریباً ٹھپ ہو چکا ہے۔ شہری علاقوں کی ترقی، شفاف انتظامیہ اور بہتر بلدیاتی نظام کو برقرار رکھنا ہے تو بی آر ایس امیدواروں کی کامیابی ناگزیر ہے۔ اس موقع پر سنگاریڈی بی آر ایس بلدیاتی انتخابی انچارج راج نرسو، سابق سی ڈی سی چیئرمین کاسالا بچی ریڈی، کَندی منڈل پارٹی صدر مدھوسدن ریڈی، چِنّا، سومیریڈی اور پارٹی قائدین اور کارکنان موجود تھے۔