نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پارٹیوں پر نشانہ سادھتے ہوئے منگل کو کہا کہ بدعنوانی میں ملوث لیڈر ایک ساتھ ، ایک پلیٹ فارم پر آرہے ہیں اور کچھ پارٹیوں نے مل کر کرپشن بچاو مہم چھیڑ رکھی ہے ۔ بی جے پی کے مرکزی دفتر کی توسیع کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ پوری دنیا میں آج جب ہندوستان کا ڈنکا بج رہا ہے تو ملک کے اندر اور ملک کے باہر بیٹھی ‘ہندوستان مخالف طاقتوں’ کا متحد ہونا فطری ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ طاقتیں کسی بھی طرح ہندوستان سے ترقی کا ایک دور چھین لینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر ہندوستان کی صلاحیت پھر بلندیوں کی طرف جا رہی ہے تو اس کے پیچھے ایک مضبوط بنیاد ہے جو کہ اس کے آئینی اداروں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے آج ہندوستان کو روکنے کے لئے ہماری اس بنیاد پر چوٹ کی جا رہی ہے، آئینی اداروں پر حملے ہو رہے ہیں، انہیں بدنام کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے، ان کی معتبریت کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔