بر قی کی طلب میں زبردست اضافہ ‘ پیداوار کا جائزہ

   

موسم گرما کے پیش نظر برقی مسئلہ کی یکسوئی کیلئے اقدامات ‘ ٹرانسکو سی ایم ڈی ڈی پربھاکر راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ /5 مارچ (سیاست نیوز) موسم گرما کے پیش نظر ریاست میں بڑھتی برقی مانگ اور ضروریات کو دیکھتے ہوئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹرانسکو سی ایم ڈی مسٹر ڈی پربھاکر راؤ یہ بات نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی مانگ و ضرورت کے پیش نظر ہر دن برقی پیداوار اور اس کی تقسیم کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ عوام کو بلارکاوٹ برقی سربراہی یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ برقی پیداوار کے ساتھ اس کے استعمال و مطالبات کے متعلق ہر دن نئی حکمت عملی طئے کی جارہی ہے اور عہدیدار مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ آج ودیوتھ سودھا میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ گزشتہ دو دنوں سے بر قی کے استعمال و مانگ میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ٹرانسکو کے جے ایم ڈی سرینواس راؤ ، ڈائرکٹر نرسنگ راؤ و دیگر موجود تھے ۔ ربیع سیزن میں تلنگانہ کے کسانوں کو 24 گھنٹے برقی استعمال اور گرمی کی شدت کے سبب آج 10,505 میگاواٹ کا مطالبہ رہا اور آج صبح کے وقت 10,075 کے مطالبے درج کیا گیا جبکہ /6 مارچ سے اس مطالبہ میں اضافہ کے امکانات بتائے جارہے ہیں ۔ موسم گرما کے پیش نظر آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ایسی صورت میں برقی کے استعمال میں کافی اضافہ ہوگا جس کے سبب گھریلو برقی استعمال میں غیر معمولی اضافہ کا امکان ہے جبکہ دوسری طرف فصلوں کیلئے برقی کے استعمال میں اضافہ ہوگا ۔ ایسی صورت میں ہر دو طرف برقی کی سربراہی کو بلارکاوٹ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس طرح کے مطالبہ اور ضرورت سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ ہر دن گیارہ ہزار میگاواٹ برقی کی ضرورت پڑیگی ۔ سال 2016-17 ء میں اوسطاً ہر دن 164 ملین یونٹ برقی کا استعمال ہوا ہے ۔ جبکہ سال 2017-18 میں 179 ملین یونٹ کا استعمال ہوا ۔ جاریہ سال نومبر تک 189 ملین یونٹ کا استعمال ہوا ہے ۔ موسم گرما کے آغاز کے بعد یہ مطالبہ 200 ملین یونٹ تک پہونچے گا ۔ پیر کے دن 219 ملین یونٹ کا استعمال کیا گیا ۔ اس طرح منگل کے دن 10 ہزار میگاواٹ زائد برقی کی طلب تھی ۔ اس ضمن میں برقی پلانٹس میں پیداوار پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور دیگر ذرائع سے برقی کی کمی کو پورے کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ سی ایم ڈی نے برقی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پلانٹس کی جانچ کرتے ہوئے ڈسکام سے برقی طلب کی یکسوئی کیلئے موثر اقدامات کریں ۔