برازیل جنیرو میں پولیس کی بڑی کارروائی ،64افراد ہلاک

   

ریو ڈی جنیرو، 29 اکتوبر (یو این آئی) برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کی فویلا بستیوں میں منگل کے روز ایک بڑی پولیس کارروائی میں کم از کم 64 افراد ہلاک اور 81 کو گرفتار کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی کمانڈو ورمیلیو نامی گینگسٹر گروپ کے خلاف کی گئی ہے۔ ریو ڈی جنیرو کی ریاستی حکومت کے مطابق یہ شہر کی تاریخ کی سب سے خونریز کارروائی تھی۔ اس کارروائی میں 2,500 سے زائد سول اور فوجی پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا، جو کومپلیکسو دو آلیماو اور پینیا کی دو فویلا بستیوں کی 26 کمیونٹیز میں بیک وقت کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں 56 مبینہ کمانڈوز ورمیلیو کے ارکان اور کچھ پولیس اہلکار شامل ہیں۔ پولیس نے 31 رائفلیں، دیگر اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی ایک سال سے زائد عرصے تک جاری تحقیقات کے بعد کی گئی جس کے دوران 69 گرفتاری وارنٹ اور 180 تلاشی وارنٹ جاری کیے گئے تھے ۔ گرفتار شدگان میں ایک مبینہ گینگ لیڈر بھی شامل ہے جس پر شاباداؤ علاقے میں تشدد کو ہوا دینے کا الزام ہے۔ ریو ڈی جنیرو کے گورنر کلاوڈیو کاسترو نے اس کارروائی کو ریاست میں منشیات اورکے انسداد دہشت گردی مہم قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد گینگ کے اثر و رسوخ کو شہر کے محلوں اور قریبی علاقوں تک پھیلنے سے روکنا ہے ۔ حکام کے مطابق، گینگ کے ارکان نے پینیا علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے کیلئے ڈرونز کے ذریعے دھماکہ خیز مواد گرایا۔
آپریشن میں ہیلی کاپٹرز، ڈرونز، بکتر بند گاڑیاں اور ایمبولینسیں استعمال کی گئیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ کارروائی ابھی جاری ہے اور مزید زخمیوں کی اطلاع ملی ہے ۔