ریو ڈی جینرو۔ 8 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جنیرو کے ایک فٹبال اسٹیڈیم میں جمعہ کو خوفناک آتشزدگی کی وجہ سے تقریباً 10 لوگوں کی موت ہو گئی اور تین دیگر افراد جھلس گئے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ریو ڈی جینرو واقع فلیمنگو فٹبال کلب کے نینھو دیارب تربیتی میدان میں پیش آیا۔ آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 5:10 پر لگی۔ آگ پر قابو پانے میں تقریباً دو گھنٹے کا وقت لگا۔یہ آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا لیا گیا۔امدادی کارکنوں نے بتایا کہ کھلاڑی اکیڈمی میں سو رہے تھے کہ عمارت میں آگ لگ گئی تاہم آتشزدگی کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔یہ آگ تقریباً صبح 5 بجے ریو ڈی جنیرو کے ضلع ورگیم گرانڈے میں لگی جہاں اعلیٰ پیشہ ورانہ سہولت سے لیس برازیل کے سب سے مشہور کلب فلیمنگو کا اسکواڈ بھی ٹریننگ کرتا ہے ، دو گھنٹے بعد ساڑھے سات بجے تک آگ پر قابو پا لیا گیا۔حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں, مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والے تمام 10افراد نوجوان فٹبالرز ہیں جبکہ کچھ اطلاعات ہیں کہ مرنے والوں میں 6 نوجوان فٹبالرز اور 4 اسپورٹ اسٹاف کے اراکین شامل ہیں۔آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی لیکن ایک دن قبل ہونے والی بارش کے سبب جس وقت آگ لگی، اس وقت کلب میں بجلی اور پانی نہیں تھا۔فلیمنگو کلب سے نکل کر برازیل کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے والے چند مشہور کھلاڑیوں میں رونالڈینو ، ببیتو اور روماریو شامل ہیں۔