نئی دہلی، 15 اکتوبر (یواین آئی) برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا فروری میں ہندوستان کا دورہ کریں گے ۔ ہندوستان کے دورے پر آئے ہوئے برازیل کے نائب صدر جیرالڈو الکمن نے آج یہاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ اطلاعات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر لولا کی طرف سے بھائی چارے کا پیغام لے کر آئے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے گزشتہ جولائی میں برازیل کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت برازیل میں مودی کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صدر لولا اگلے سال فروری میں ہندوستان کا دورہ کریں گے ۔ نائب صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری کا دیرینہ رشتہ ہے اور دونوں ملک اسے مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مودی نے لولا کو ہندوستان آنے کی دعوت دی تھی۔