برج بھوشن کو 18 جولائی کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم

   

نئی دہلی۔ دہلی کی راؤس ایونیوکی عدالت نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ اور سابق ریسلنگ چیف برج بھوشن سنگھ کو ملک کی معروف خاتون پہلوانوںکی طرف سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کے سلسلے میں طلب کیا ہے۔ عدالت نے چھ خواتین پہلوانوں کے دعوؤں کا جواب دیتے ہوئے مقدمہ میں داخل چارج شیٹ کا نوٹس لیا جنہوں نے سنگھ پر جنسی ہراسانی اور دھمکیاں دینے کا الزام لگایا ہے۔ یہ سمن راؤس ایونیوکی عدالت نے جاری کیے ، جس میں سنگھ کو 18 جولائی کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سنگھ کے سابق اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومرکو بھی عدالت نے طلب کیا ہے۔دہلی پولیس کی 1,000 صفحات سے زیادہ پر مشتمل چارج شیٹ سیکشن 354 کے تحت جرائم کے لیے راؤس ایونیوکورٹس کی چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ماہیما رائے کے سامنے دائرکی گئی تھی ۔ ملزم برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی 354 ڈی (پیچھا کرنا)۔ تومر پر آئی پی سی کی دفعہ 109 (افسر کی حوصلہ افزائی)، 354، 354 اے، 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت جرائم کا الزام لگایا گیا ہے۔  اطلاعات کے مطابق چارج شیٹ میں تقریباً 200 گواہوں کے بیانات شامل ہیں۔