نئی دہلی : بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف خاتون ریسلرز کے بشمول مختلف کھلاڑی زائد از ایک ماہ سے محاذ کھولے ہوئے ہیں اور ان کی گرفتاری کامطالبہ کررہے ہیں۔ برج بھوشن پر جنسی استحصال کے الزامات لگے ہیں اور ایف آئی آر تک درج کی جاچکی ہے۔ اب اس معاملہ میں بڑی خبر سامنے آرہی ہے۔ ایک اولمپین، ایک کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ ، ایک انٹرنیشنل ریفری اور ایک اسٹیٹ لیول کوچ نے تین خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کے الزامات کی تصدیق کردی ہے۔ اب برج بھوشن کی پریشانی بڑھ سکتی ہے۔ وہ سبھی چار ریاستوں کے 125 ممکنہ گواہوں میں سے ہیں، جن کے بیانات دہلی پولیس نے درج کئے ہیں۔ برج بھوشن کے خلاف 28 اپریل کو دو ایف آئی آر درج کئے گئے۔ اس کے مطابق کھلاڑیوں کو پروفیشنل مدد دینے کے بعد ’’سیکسوئل فیور‘‘ (جنسی استفادہ) کی بات کہی گئی، ایسے دو معاملات ہیں۔ وہیں جنسی استحصال کے 15 اور غیر مناسب طور پر چھونے کے 10 معاملات ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرانے دھمکانے کے بھی کئی معاملات ہیں۔ چار گواہوں کے بارے میں پوچھے جانے پر دہلی پولیس کے ترجمان سمن نلوا نے کہا کہ ابھی معاملہ کی جانچ چل رہی ہے۔ ہم فی الحال اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔ ایس آئی ٹی معاملہ کی جانچ کررہی ہے اور عدالت کو رپورٹ سونپی جائے گی۔ دو خاتون پہلوان جن میں سے ایک اولمپین جبکہ دوسری کامن ویلتھ گیمز میڈلسٹ ہے، دونوں نے دہلی پولیس کے ذریعہ پوچھ گچھ کئے جانے پر دو پہلوانوں کے دعوے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ شکایت کنندگان نے برج بھوشن سنگھ کے ذریعہ جنسی استحصال پر انہیں ایک ،ایک ماہ بعد اس واقعہ کی جانکاری دی تھی۔ ریفری ، نیشنل اور انٹرنیشنل لیول کے افسر نے دہلی پولیس کو بتایا کہ انہوں نے ملک اور بیرون ملک میں سفر کے دوران خاتون پہلوانوں کے ساتھ ہوئے غلط رویہ کے بارے میں سنا تھا۔