برسرعام سگریٹ نوشی پر بھاری چالانات کرنے کی منصوبہ بندی

   

حیدرآباد۔12جولائی (سیاست نیوز) برسر عام سگریٹ پینے پر بھی اب کئے جائیں گے چالان! بلدی قوانین کی موجودگی کے باوجود ان پر عدم عمل آوری کے سبب اب تک عام مقامات سڑکوں‘ ہوٹلوں‘ ریستوراں اور بازاروں میں کھلے عام سگریٹ نوشی کی جاتی رہی ہے لیکن اب ایسا کرنا آپ کو مشکل میں ڈال سکتا ہے کیونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور سٹی پولیس نے اس سلسلہ میں علحدہ ٹاسک فورس تیار کرتے ہوئے عام مقامات پر سگریٹ نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں پر 200 روپئے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی عملہ کو عہدیداروں نے شہر کی ریستوراں اور ہوٹلوں میں سگریٹ نوشی کرتے ہوئے پائے جانے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ جن ہوٹلوں اور ریستوراں میں سگریٹ نوشی کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے ان ہوٹلوں میں انتظامیہ کے خلاف بھی کاروائی کی جائے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر کی بیشتر تمام ہوٹلوں اور ریستوراں میں عام مقامات پر سگریٹ نوشی کے سلسلہ میں منظور کئے جانے والے قوانین کے سلسلہ میں شعور بیداری نوٹس آویزاں کیا جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی شہریو ںکی جانب سے اس قانون پر عمل آوری نہیں کی جاتی بلکہ انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہے لیکن گذشتہ دنوں شہر حیدرآباد کے تاریخی سیاحتی مقام چارمینار پر سگریٹ پینے والوں پر عائد کئے جانے والے جرمانہ کے بعد جی ایچ ایم سی نے اس سلسلہ میں متحرک ہوتے ہوئے برسرعام قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی اور محکمہ پولیس کی جانب سے کھلی سگریٹ کی فروخت کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ کھلی سگریٹ فروخت کرنا بھی جرم ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے ریستوراں اور عام مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کو انتباہ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ محکمہ پولیس اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے سیدھے چالان کرنے کی قانون میں گنجائش موجود ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے صفائی عملہ کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑیوں کو جی پی ایس سے لیس کرنے کے بعد صفائی عملہ کو ٹریفک پولیس کی طرح راست نشریات کرنے والے کیمرے بھی فراہم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو اس بات کی شکایت نہ رہے کہ عہدیداروں کی جانب سے انہیں ہراساں کیا جا رہاہے۔