برطانیہ جاسوس طیارے کے بجائے ضروری اشیاء فلسطین بھیجے:اہلیہ حمزہ یوسف

   

لندن : اسکاٹش نیشنل پارٹی کی کونسلر اور فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کی اہلیہ نادیہ النخلا نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت کو جاسوس طیارے بھیجنے کے بجائے ضروری اشیا فلسطین بھیجنی چاہیے۔اسکاٹش نیشنل پارٹی کی ایبرڈین کانفرنس میں غزہ میں فلسطینیوں کی امداد کیلئے متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔قرارداد میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں امداد کیلئے انسانی کوریڈور سے متعلق اقوام متحدہ کے مطالبے کی حمایت کرے۔برطانوی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کی اہلیہ نادیہ النخلا نے بتایا کہ ان کے 5 رشتہ دار بھی اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوگئے ہیں۔نادیہ نے مزید کہا کہ ان کی والدہ کو ڈرون کا ٹکڑا خود بچے کے جسم سے نکالنا پڑا کیونکہ غزہ کے اسپتالوں میں صرف انتہائی سنگین نوعیت کے زخموں کے علاج کی گنجائش رہ گئی ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں وحشیانہ بمباری جاری ہے، صیہونی افواج کے اسپتال پر ہونے والے تازہ حملے میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔