لندن، 2 ستمبر (یو این آئی) برطانیہ نے افغانستان زلزلہ متاثرین کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔ برطانیہ کی حکومت نے پیر کی شام افغانستان میں ہلاکت خیز زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ایک ملین پاؤنڈ کے ہنگامی پیکج کا اعلان کیا ہے ، تاکہ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے ) کی امدادی کوششوں کو سہارا فراہم کیا جا سکے ، اس امداد میں موبائل ہیلتھ ٹیمیں، ایمرجنسی ہیلتھ کِٹس، اور بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہیں شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی ٹیمیں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کنڑ میں موجودہ اسپتالوں اور کلینکس پر زچگی کی صحت کی دیکھ بھال اور نفسیاتی مدد بھی فراہم کریں گی۔ اتوار کی شب مشرقی افغانستان میں مہلک زلزلہ آیا، جس نے صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں سیکڑوں افراد کی جان لے لی ہے ، جب کہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے ہیں، طالبان حکومت کے مطابق زلزلے میں 800 سے زائد افراد کی زندگیاں تلف ہو گئی ہیں۔ حکومت نے اقوام عالم سے امداد کی اپیل بھی کی ہے ۔ زلزلے کے بعد بین الاقوامی تنظیموں اور انسانی امدادی اداروں نے فوری امداد کے لیے وسائل متحرک کر دیے ہیں، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات، اور عارضی رہائش شامل ہیں۔ دنیا بھر کے رہنماؤں اور ممالک نے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے ، اور متعدد ممالک نے افغانستان کو اس آفت کے بعد سنبھلنے میں مدد دینے کے لیے اضافی انسانی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ افغان حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متعدد گاؤں مکمل تباہ ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی اور افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے ، اور ان کی 20 ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔