برطانیہ کے مسلمان کررہے ہیں اسرائیل کے کھجوروں کا بائیکاٹ

   

لندن: برطانیہ کے مسلمانوں کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی جنگ میں زائد از 31,000 فلسطینیوں کی ہلاکت اور 23 لاکھ کو بے گھر کرنے کے خلاف اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔برطانیہ کے مسلمانوں کی جانب سے اسرائیل کے کھجووروں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔واضح رہے اسرائیل ان ملکوں میں شامل ہے جہاں سے کھجورکی در آمد ہو تی ہے۔ اسرائیل سے آئی ہوئی کھجوروں کا بائیکاٹ برطانوی مسلمانوں نے اپنے لئے لازمی قرار دے رکھا ہے۔ اسرائیل سے کھجوروں کی برآمد سالانہ بنیادوں پر تیس ہزار ٹن کی جاتی ہے جس کی مالیت تقریباً دس ملین ڈالر ہے۔ واضح رہے کہ ‘ ایف او اے’ نامی تنظیم نے اسرائیلی قبضہ کے خلاف پچھلے 14 برسوں سے اسرائیلی کھجوروں کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر رکھی ہے۔یہ مہم عام طور پر مسلمانوں کو متوجہ کرنے کیلئے جاری ہے۔ برطانوی مساجد میں مقرر پیش امام حضرات سے بھی مدد لی جاتی ہے۔ اس سال یہ مہم پہلے کے مقابلے زیادہ موثر ہو رہی ہے۔ ‘ ایف او اے ‘ کے ذمہ دار شمائل جوارڈر کے مطابق اس بار کوئی بھی اپنے روزے کی افطاری اسرائیلی کھجوروں سے کرنے کے لئے مشکل سے ہی تیار ہو گا۔