حادثات کی روک تھام کے اقدامات کی ستائش، محبوب نگر میں پولیس ملازمین کا اجلاس، ایس پی کا خطاب
محبوب نگر ۔ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو ہرگز بخشانہ جائے۔ اپنی شکایات اور مسائل کو لے کر پولیس اسٹیشنوں سے رجوع ہونے والوں کے ساتھ ملنساری کے ساتھ پیش آئیں۔ ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو نے آج صبح ضلعی سطح کے امن جائزہ اجلاس میں پولیس عہدیداروںکو ہدایت دی۔ ضلع ایس پی نے مزید کہا کہ سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے پولیس افسران جو اقدامات کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سڑک حادثات کے نتیجہ میں متعلقہ خاندانوں کے افراد کو جن مسائل اور خطرات کا سامنا ہوتا ہے اس تعلق سے شعور بیدار کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ گنجان آبادی والے علاقوں، چوراہوں، عوامی مراکز، تھانوں کے اندر اور مشکوک علاقوں میں سی سی کیمرے نصب کرتے ہوئے کڑی نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ موسم گرما میں سرقہ کی وارداتوں کی روک تھام۔ تالابوںاور کنٹوں و نہروں میں بچوں کو تیراکی سے روکنے اور مشتبہ افراد پر نظر رکھنے کے لئے پولیس افسران عوام میں شعور بیدار کریں۔ حکومت کی جانب سے ممنوعہ نشہ آور اشیاء کے خاتمہ کے لئے ایک مسلسل جامع عمل ضروری ہے۔ موسم گرما کے دوران عملہ کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کو ایس پی نے غور سے سنا اور کئی ایک تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی اے راملو، ڈی ایس پیز کشن، وینکٹ رام ریڈی، سائی منوہر، سرینواسلو کے علاوہ سرکل انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس موجود تھے۔