مشرف فاروقی کی ہدایت، حیدرآباد میں برقی طلب میں اضافہ سے نمٹنے کے اقدامات، انجنیئرس کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 30۔ جون (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے برقی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صارفین سے مسلسل ربط میں رہیں اور ہر چہارشنبہ کو کالونیوں اور بستیوں میں عوام سے ملاقات کے پروگرام منعقد کئے جائیں۔ مشرف فاروقی نے کمپنی کے ہیڈکوارٹر منٹ کمپاؤنڈ میں چیف انجنیئرس ، سپرنٹنڈنگ انجنیئرس اور ڈیویژنل انجنیئرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کے تحت 11KV کے 8681 فیڈرس ہیں جن میں سے 6885 کی نگرانی فیڈر آوٹیج مینجمنٹ سسٹم کے ذریعہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی فیڈرس کو بھی عصری سسٹم کے تحت لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ برقی طلب ، سربراہی اور خلل کی تفصیلات کو ڈسٹری بیوشن کی سطح پر ریکارڈ کرنے کیلئے آرٹیفشل انٹلیجنس خدمات متعارف کی گئی ہیں۔ متعلقہ انجنیئرس کو چاہئے کہ وہ تفصیلات حاصل کرتے ہوئے برقی سربراہی کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سب اسٹیشن اور فیڈرس کی سطح پر نیا عصری نظام کارکرد ہوچکا ہے۔ آرٹیفیشل انٹلیجنس پر مبنی خدمات سے بنیادی سطح پر سربراہی سے متعلق مسائل کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس کی سطح پر روزانہ برقی سربراہی کے موقف کا جائزہ لیا جائے۔ ڈیویژنل انجنیئرس اور سپرنٹنڈنگ انجنیئرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیلڈ ویزٹ کرتے ہوئے فیڈرس میں درپیش مسائل کا جائزہ لیں اور ضروری اقدامات کریں۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہر سال برقی کی طلب میں قابل لحاظ اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ برقی طلب میں اضافہ سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر 15 اگست تک رپورٹ تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے برقی کنکشن کی منظوری سے متعلق درخواستوں کی مقررہ مدت میں یکسوئی کی جائے اور صارفین کو شکایت کا موقع نہ دیا جائے ۔ اجلاس میں ڈائرکٹر پراجکٹس وی شیواجی ، ڈائرکٹر آپریشن ڈاکٹر نرسملو ، ڈائرکٹر کمرشیل سی ایچ چکراپانی ، ڈائرکٹر فینانس پی کرشنا ریڈی ، زونل چیف انجنیئرس کے سائی بابا ، ایل پانڈیا ، یو بالا سوامی ، اے کامیش اور دوسروں نے شرکت کی۔1