برقی مسائل کی بروقت یکسوئی کیلئے اسپیشل کنٹرول روم کے قیام کا فیصلہ

   

بارش سے برقی منقطع کی شکایتوں کے ازالہ کی کوشش
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ریاست تلنگانہ بشمول گریٹر حیدرآباد میں عوام کو برقی سربراہی سے متعلق اور دیگر نوعیت کے مسائل درپیش ہوں تو ان مسائل کی فی الفور یکسوئی کو یقینی بنانے کے لیے ایس پی ڈی سی ایل نے ایک اسپیشل کنٹرول روم کے قیام عمل میں لانے کا اعلان کیا اور بتایا گیا کہ بالخصوص گریٹر حیدرآباد شہر میں شدید بارش کے نتیجہ میں برقی منقطع ہونے پر فی الفور برقی سربراہی کو بحال کرنے کے لیے کنٹرول روم کو موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں عاجلانہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر رگھوما ریڈی صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر ایس پی ڈی سی ایل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد شہر میں برقی سربراہی سے متعلق پائی جانے والی مختلف شکایات کا جائزہ لینے کے لیے گریٹر حیدرآباد کے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرس کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ۔ اور تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرس کو بتایا کہ تمام برقی سب اسٹیشن کے پاس ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو ہنگامی نوعیت کے لحاظ سے تیار رکھنے کی ہدایت دی اور عوام کو بھی عمارتوں اور سڑکوں پر ٹوٹ کر گر پڑنے والی برقی تاروں سے انتہائی چوکس و چوکنا اور ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ بعض اوقات برقی کھمبوں سے ٹوٹ کر گرنے والے برقی تاروں میں برقی پائی جاتی ہے ۔ اگر کوئی بھی اتفاقی طور پر ان برقی تاروں کو سڑکوں پر سے بازو ہٹانے کی کوشش کے دوران گرے ہوئے تار میں برقی پائی جانے پر کسی بھی نوعیت کا نہ صرف خطرہ لاحق ہوسکتا ہے بلکہ کبھی جانی نقصان پہونچنے کا بھی امکان پایا جاتا ہے ۔ لہذا اس صورتحال سے نہ صرف برقی اسٹاف بلکہ عوام کو بھی ہوشیار رہنے کی شدید ضرورت ہے ۔ مسٹر رگھوما ریڈی نے مزید بتایا کہ اپارٹمنٹس کے سیلارس ( تہہ خانوں میں ) میں پانی جمع ہونے اور ان میں بھی اتفاقی طور پر برقی کنکشن کے تار ٹوٹ کر گرنے کی صورت فوری طور پر متعلقہ برقی دفاتر سے ربط پیدا کر کے مطلع کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر ایس پی ڈی سی ایل مسٹر رگھوما ریڈی نے کسی بھی نوعیت کے برقی مسائل پائے جانے کی صورت میں قائم کردہ اسپیشل کنٹرول روم سے فون نمبرات 7382072104 ۔ 7382072106 ۔ 7382071574 کے علاوہ 1912 یا 100 پر ربط کر کے اپنی شکایات درج کروانے کی برقی صارفین سے پر زور خواہش کی ۔۔