حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن کا اجلاس آج حیدرآباد میں صدر نشین جی نرنجن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کے ارکان آر جے پرکاش، ٹی سریندر، شریمتی بالالکشمی اور ممبر سکریٹری مایادیوی آئی اے ایس نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائرکٹر یو سرینواس راؤ، اسسٹنٹ سکریٹری منوہر راؤ، اسپیشل آفیسر کماری سنیتا اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے مباحث میں حصہ لیا۔ اجلاس میں حکومت کے 99 روزہ پرجاپالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ کمیشن نے تمام زیر التواء فائلوں کی عاجلانہ یکسوئی کے فیصلہ کیا۔ بعض فائلوں کی یکسوئی کے لئے حکومت سے درکار تفصیلات کا انتظار ہے۔ متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تفصیلات جلد از جلد روانہ کریں تاکہ فائلوں کی یکسوئی میں مدد ملے۔ کمیشن نے برقی اداروں کے دورہ کا فیصلہ کیا تاکہ بی سی تحفظات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جاسکے۔ کمیشن 23 مارچ کو سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کا دورہ کرے گا جبکہ 24 مارچ کو جینکو اور ٹرانسکو اور 26 مارچ کو ناردن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کا دورہ کیا جائے گا۔ برقی کمپنیوں میں بی سی تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں کمیشن کو موصولہ نمائندگیوں کی بنیاد پر عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ 1