9 اور 10 اپریل کو انٹرویو ، ایک عہدے کے لیے تین ناموں کی سفارش ہوگی ، حکومت کا فیصلہ حتمی
حیدرآباد 4 اپریل ( سیاست نیوز) برقی کمپنیوں میں کلیدی ڈائرکٹرس کی تقرری کا عمل بلاآخر شروع ہوگیا ہے ۔ پرنسپل سکریٹری برقی سندیپ کمار سلطانیہ کی نگرانی والی سلیکشن کمیٹی نے 9 اپریل کو نارتھ ؍ ساوتھ تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی TGSPDCL اور TGNPDCL میں ڈائرکٹرس کے تقررات کیلئے انٹرویو کیا جائیگا اور 10 اپریل کو جینکو اور ٹرانسکو میں ڈائرکٹرس کیلئے انٹرویو کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ متعلقہ ڈائرکٹرس کے عہدوں پر تقررات کیلئے 29 جنوری 2024 کو اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ۔ ایک سال بعد امیدواروں کو انٹرویو کیلئے طلب کیا جارہا ہے ۔ تمام برقی کمپنیوں میں ڈائرکٹرس کیلئے مجموعی طور پر 150 سے زیادہ درخواستیں ملنے کی وجہ سے تقررات کے عمل میں شدید تاخیر ہوئی ہے اور پیروی کے الزامات عائد ہوئے ہیں ۔ جینکو کے ساتھ ٹرانسکو جے ایم ڈی ڈائرکٹرس کے تقررات میں قواعد پر عمل نہ ہونے کی محکمہ برقی نے 27 جنوری 2024 کو جی او آر ٹی نمبر 3 جاری کرکے وضاحت کی تھی ۔ دوسری طرف حکومت نے حال میں تمام سرکاری محکمہ جات کے سربراہوں کے دفاتر و کارپوریشنس میں برسر کار 6729 ریٹائرڈ عہدیداروں اور ملازمین کو 31 مارچ تک برخاست کردینے کا حکم دیا تھا جسکے بعد محکمہ برقی نے نئے ڈائرکٹرس کے تقررات کے عمل کو شروع کردیا ہے ۔ جبکہ جینکو اور ٹرانسکو کو چیف سکریٹری کے احکام کے مطابق 31 مارچ تک پرانے ڈائرکٹرس کو ہٹانے احکام جاری کرنا تھا تاہم محکمہ نے نئے ڈائرکٹرس کے تقررات تک خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پرنسپل سکریٹری برقی پر مشتمل سلیکشن کمیٹی انٹرویو کرتی ہے ۔ ہر ڈائرکٹر کیلئے تین ناموں کی فہرست تیار کرتی ہے اور حکومت کو سفارش کرتی ہے ۔ حکومت ان میں سے کسی ایک کو ڈائرکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کرے گی ۔۔ 2